چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کی سربراہی میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس
کراچی: چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کی سربراہی میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ٹاؤن آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے انتظامات، صفائی ستھرائی، روشنی، پانی کی فراہمی اور دیگر بلدیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مجالس اور جلوسوں کی گزرگاہوں پر خصوصی صفائی ستھرائی کے انتظامات کیے جائیں گے اور تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں بروقت انجام دیں گے تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے ہدایت جاری کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام بلدیاتی عملہ فیلڈ میں موجود رہے اور جلوسوں و مجالس کے راستوں پر صفائی، کچرے کی بروقت منتقلی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نو محرم الحرام کے موقع پر عزاداران کی سہولت کے لیے خصوصی کیمپ قائم کیا جائے گا جہاں پینے کے ٹھنڈے پانی، ابتدائی طبی امداد اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ محرم الحرام کے دوران امام بارگاہ اور مساجد کے اطراف، صفائی اور عزاداران کی سہولت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔
اجلاس میں وائس چیئرمین محمد الیاس، سندھ سولڈ ویسٹ کے ذمہ داران واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ذمہ داران متعلقہ افسران اور بلدیاتی نمائندوں نے بھی شرکت کی اور محرم الحرام کے انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔
