سولڈ ویسٹ کی غفلت نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے:رضوان عبدالسمیع
کراچی: چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع نے یوسی 5 نفیسہ آباد اقبال کالونی کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی غفلت، ناقص کارکردگی اور غیر ذمہ دارانہ رویے پر شدید برہمی اور سخت مذمت کا اظہار کیا۔ علاقے میں کچرے، قربانی کی آلائشوں اور گرین گاربج کے انبار لگنے سے پیدا ہونے والی بدترین صورتحال پر انہوں نے کہا کہ یہ منظر کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے باعثِ شرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے فنڈز اور وسیع وسائل کے باوجود شہریوں کو تعفن، بدبو اور آلودگی کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی نااہلی، بدانتظامی اور عوامی وسائل کے بے دریغ ضیاع کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ متعلقہ ادارے کی مسلسل غفلت نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
رضوان عبد السمیع نے صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے فوری رابطہ کیا اور مطالبہ کیا کہ کچرے اور آلائشوں کو فی الفور ہنگامی بنیادوں پر اٹھایا جائے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر صفائی ستھرائی کے انتظامات میں فوری بہتری نہ لائی گئی تو ذمہ داروں کے خلاف بھرپور احتجاج اور قانونی و انتظامی سطح پر ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور اس ذمہ داری سے غفلت برتنے والوں کا احتساب ناگزیر ہے۔ شہریوں کی صحت اور عزتِ نفس پر سمجھوتہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
