گلبرگ ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے:نصرت اللہ
کراچی: گلبرگ ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے گلشن شمیم بلاک 9 میں پیور بلاک سے تعمیر ہونے والی سڑک کے جاری کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ یو سی 6 کے چیئرمین خواجہ قمر، ایکس، ای، این ۔بی اینڈ آر محمد سہیل خان، دیگر بلدیاتی افسران، عملہ اور علاقے کے معززین بھی موجود تھے۔
چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے تعمیراتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو اعلیٰ معیار کے مطابق اور مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن کی منتخب بلدیاتی قیادت عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ سڑکوں، گلیوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے منصوبے مرحلہ وار مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو ایک بہتر اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
علاقہ مکینوں نے سڑک کی تعمیر کے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا یہی سلسلہ جاری رہے گا۔
