لانڈھی ٹاؤن میں عیدالاضحیٰ کے تینوں دن صفائی ستھرائی اور آلائشیں اٹھانے کا آپریشن بھرپور انداز میں جاری رہا: عبدالجمیل خان
کراچی: چئیرمین لاننڈھی ٹاون عبدالجمیل خان نے کہا ہے کہ لانڈھی ٹاؤن میں عیدالاضحیٰ کے تینوں دن صفائی وستھرائی اور آلائشیں اٹھانے کا آپریشن بھرپور انداز میں کامیابی کے ساتھ جاری رہا۔
ٹاؤن انتظامیہ نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے آلائشیں اٹھانے کے فوری بعد چونے کا چھڑکاؤ یقینی بنایا، جبکہ ڈمپنگ پوائنٹس اور مختلف علاقوں میں جراثیم کش ادویات کا مسلسل اسپرے بھی کیا جاتا رہا تاکہ شہریوں کو صاف، صحت مند اور تعفن سے پاک ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی ایم سی سید امداد علی شاہ، وائس چیئرمین محمد عمران، کوآرڈینیٹر اقبال سعید اور دیگر افسران کے ہمراہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر قائم مختلف کلیکشن پوائنٹس اور آلائشیں اٹھانے کے مراکز کے دورے کے دوران کیا۔
چیئرمین لانڈھی ٹاؤن نے صفائی عملے، افسران اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود لانڈھی ٹاؤن انتظامیہ نے شب و روز محنت کرکے عید آپریشن کو کامیاب بنایا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت، بروقت صفائی اور صحت مند ماحول کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، اسی لیے ہر یوسی میں خصوصی نگرانی کے تحت آلائشیں بروقت ٹھکانے لگانے اور جراثیم کش اسپرے کے اقدامات جاری رکھے گئے۔
اس موقع پر انہوں نے شہریوں کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ عوام اور انتظامیہ کے باہمی تعاون سے ہی صفائی آپریشن کو مؤثر اور کامیاب بنایا جا سکا۔
