صدر ٹاؤن میں صفائی آپریشن مزید تیز،میونسپل کمشنر کا مختلف علاقوں کا دورہ

صدر ٹاؤن میں صفائی آپریشن مزید تیز،میونسپل کمشنر کا مختلف علاقوں کا دورہ

کراچی: چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ کی خصوصی ہدایات پر عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز بھی صدر ٹاؤن کی حدود میں خصوصی صفائی آپریشن بھرپور انداز میں جاری رہا۔

بلدیاتی عملے نے مختلف علاقوں سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت اٹھانے، چونے کے چھڑکاؤ اور جراثیم کش اسپرے کے عمل کو مزید تیز کر دیا تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن عمار خان نے عید کے دوسرے روز صدر ٹاؤن کے مختلف علاقوں، گلیوں اور اہم شاہراہوں کا دورہ کیا اور جاری صفائی آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران اور صفائی عملے کو ہدایت جاری کی کہ آلائشوں کی فوری منتقلی اور صفائی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مختلف مقامات پر جاری چونے کے چھڑکاؤ اور جراثیم کش اسپرے کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔

عمار خان نے صفائی عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات فراہم کرنا صدر ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے صفائی آپریشن کو مؤثر بنایا جا رہا ہے جبکہ شکایات کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ عملہ بھی فیلڈ میں موجود ہے۔

صدر ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے مختلف یونین کمیٹیوں میں اضافی عملہ، ڈمپرز، لوڈر رکشے اور دیگر مشینری بھی تعینات کی گئی ہے تاکہ آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جا سکے۔ اس دوران کئی علاقوں میں چونے کا چھڑکاؤ کیا گیا جبکہ اہم مقامات پر جراثیم کش اسپرے کے ذریعے ماحول کو آلودگی اور تعفن سے پاک رکھنے کے اقدامات جاری رہے۔

چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور آلائشیں مقررہ مقامات پر رکھ کر انتظامیہ کے اقدامات کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں