الاضحی کے دوسرے روز گڈاپ ٹاؤن چیئرمین اور میونسپل کمشنر نے آلائشیں اٹھانے کے خصوصی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا
کراچی: عید الاضحی کے دوسرے روز ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ اور میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز نے گڈاپ ٹاؤن میں جاری صفائی ستھرائی اور آلائشیں اٹھانے کے خصوصی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس سلسلے میں انہوں نے مختلف آلائش کلیکشن پوائنٹس، یونین کونسل شاہ مرید میں قائم کیمپ اور دیگر اہم مقامات کا دورہ کیا، جہاں صفائی کے عمل، ویسٹ کلیکشن سسٹم اور فیلڈ میں تعینات عملے کی کارکردگی کا معائنہ کیا گیا۔
دورے کے موقع پر ڈائریکٹر سینیٹیشن اشرف بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد افضل لغاری اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ افسران نے جاری صفائی آپریشن، مشینری کی دستیابی، جراثیم کش اسپرے اور چونے کے چھڑکاؤ سے متعلق بریفنگ دی۔
چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گڈاپ ٹاؤن کی عوام کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے پر گامزن ہیں۔ عید الا ضحی کے موقع پر تمام عملے کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ آلائشوں کی فوری منتقلی اور بروقت صفائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اضافی مشینری، گاڑیاں اور ایندھن کی مسلسل فراہمی کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جراثیم کش ادویات کے اسپرے، چونے کے چھڑکاؤ اور بدبو کے خاتمے کے لیے خصوصی کیمیکلز کے استعمال کا عمل بھی تسلسل سے جاری ہے۔
میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز نے کہا کہ عید ا لاضحی کے دوسرے روز بھی صفائی آپریشن پوری تندہی سے جاری ہے اور اس مقصد کے لیے ایک جامع اور مؤثر پلان پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے،ہیڈ آفس، کیمپ آفس اور مختلف یونین کونسلز میں خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن رضوان صابر، انچارج فیومیگشن راحیل آرائیں،انچارج سینیٹیشن شانی پرویز، رزاق چنہ، وقاص بابر بھی موجود تھے۔
