صفائی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی:چیئرمین لانڈھی ٹاؤن
کراچی: چیئرمین لانڈھی ٹاؤن عبدالجمیل خان نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ آپریشن کے حوالے سے پہلے ہی محکمہ سالڈ ویسٹ کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے تمام یوسی چیئرمینز، وائس چیئرمینز، اراکین کونسل، کونسلرز، افسران اور عملے کو ہر یوسی اور سات مختلف کلیکشن پوائنٹس پر تعینات کر دیا گیا تھا تاکہ عید قرباں کے تینوں دن آلائشیں بروقت اٹھا کر صفائی ستھرائی کے عمل کو کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی ایم سی لانڈھی سید امداد علی شاہ، کوآرڈینیٹر اقبال سعید، وائس چیئرمین محمد عمران اور دیگر کے ہمراہ لانڈھی کے مختلف کلیکشن پوائنٹس کے دورے اور آلائشیں اٹھانے کے عمل کی نگرانی کے موقع پر کیا۔
عبدالجمیل خان نے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا لانڈھی ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ صفائی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
