عید الاضحی کے موقع پر نیو کراچی ٹاؤن میں آلائش آپریشن تیزی سے جاری، ٹاؤن چیئرمین کا دورہ
کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا وائس چیئرمین شپ بن ظہیر کے ہمراہ عید الاضحی کے پہلے روز نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں قائم کلیکشن پوائنٹس پر جاری آلائش آپریشن اور علاقوں میں صفائی ستھرائی کا معائنہ۔ اس موقع پر انہوں نے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اُٹھانے، جراثیم کش اسپرے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
چیئرمین محمد یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کے دوران عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرناہماری اولین ترجیح ہے۔ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے دن رات فیلڈ میں موجود ہے تاکہ آلائشوں کی بروقت منتقلی اور صفائی کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔ اگرچہ آلائشیں اُٹھانا اور انہیں ٹھکانے لگانا سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ 43 ارب روپے کے بھاری بجٹ کے باوجود سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ مکمل طور پر کچرا اُٹھانے میں ناکام ہے تاہم آلائشیں اُٹھانے کا کام جاری ہے اس حوالے سے نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ عوامی سہولت کے پیش نظر ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے اور تمام علاقوں کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
چیئرمین محمد یوسف کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ عید الاضحی کے مقدس موقع پر نیو کراچی ٹاؤن کے عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ صفائی کا عمل منظم انداز میں جاری ہے اور متعلقہ عملہ ہر وقت متحرک ہے۔ شہری بھی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور قربانی کی آلائشیں مقررہ یا نمایاں مقامات پر رکھیں تاکہ انہیں فوری طور پر اُٹھایا جا سکے۔
وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے بھی صفائی عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت اور بروقت سہولیات کی فراہمی جماعت اسلامی کی بلدیاتی قیادت کی ترجیح ہے، اور عید کے تینوں دن صفائی آپریشن بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔دورے کے دوران مقامی نمائندے، افسران اور متعلقہ عملہ بھی چیئرمین و وائس چیئرمین کے ہمراہ موجود تھا، جبکہ مختلف علاقوں میں شہریوں نے صفائی ستھرائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
