آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام معروف فوٹو گرافر عابد ایس مستی خان کی تصاویر پر مبنی نمائش ’’Captured Moments‘‘ کا افتتاح

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام معروف فوٹو گرافر عابد ایس مستی خان کی تصاویر پر مبنی نمائش ’’Captured Moments‘‘ کا افتتاح

احمد شاہ کو ’’یونیورسل ایمبیسیڈر آف کلچر‘‘ کہتا ہوں، ثقافت اور ورثے کا تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، گورنر سندھ

ترقی کے نام پر تاریخی عمارتوں اور قدرتی مقامات کو تجارتی مفادات کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیے، محمد احمد شاہ

کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام احمد پرویز آرٹ گیلری میں معروف فوٹوگرافر عابد ایس مستی خان کی تصاویر پر مبنی نمائش ’’Captured Moments‘‘ کا افتتاح مہمانِ خصوصی گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی، معروف مصور شاہد رسام، فوٹوگرافر عابد ایس مستی خان اور فن و ثقافت سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے کہا کہ جب میں نے عابد ایس مستی خان کی تصاویر دیکھیں تو مجھے اللہ تعالیٰ کی تخلیق اور اس کے حسن کا احساس ہوا۔ عابد صاحب نے اپنے کیمرے کے ذریعے قدرتی مناظر اور تاریخی مقامات کو محفوظ کرنے کا جو کام کیا ہے، وہ ان اداروں کی ذمہ داری تھی جنہیں ماحولیات، ثقافتی ورثے اور تاریخی مقامات کے تحفظ کے لیے کام کرنا چاہیے۔ ان کی تصاویر کی نمائش اور ویڈیو کلپ تیار کرکے متعلقہ سرکاری اداروں کو بھی بھیجنا چاہیے تاکہ انہیں احساس ہو کہ تاریخی عمارتوں کو گرا کر پلازے تعمیر کرنا ترقی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت اور تاریخی ورثہ کسی بھی عمارت یا پلازے سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ ہمیں دبئی کی مثال دینے کے بجائے اپنی ثقافت اور تہذیب کو محفوظ بنانا چاہیے۔ احمد شاہ نے جس طرح ثقافت کو یکجا کرنے اور اسے فروغ دینے کی کوشش کی ہے، میں انہیں صرف صدر آرٹس کونسل نہیں بلکہ ’’یونیورسل ایمبیسیڈر آف کلچر‘‘ کہتا ہوں، کیونکہ گورنر ایک محدود علاقے کا ہوتا ہے جبکہ یونیورسل شخصیت پوری دنیا میں ثقافت کے فروغ کے لیے کام کرسکتی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ عابد ایس مستی خان کا تعلق یوسف مستی خان کے خاندان سے ہے اور وہ ان کے خاندان سے دیرینہ تعلق رکھتے ہیں۔ عابد صاحب نے مری سے لے کر سمندر کے کناروں تک قدرتی حسن اور بدلتے ہوئے مناظر کو اپنے کیمرے میں محفوظ کیا ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے تاریخی ورثے، قدرتی ساحلوں اور ثقافتی مقامات کی حفاظت کریں۔ لالچ اور تجارتی مفادات کے باعث قیمتی عمارتوں اور تاریخی مقامات کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، ہمیں اس رویے کا جائزہ لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فنکار، مصور اور دستکار ہماری ثقافت کا اہم سرمایہ ہیں، انہیں معمولی نہیں سمجھنا چاہیے۔ کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں کی ثقافت اور قدرتی حسن کو تصویروں کے ذریعے محفوظ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عابد ایس مستی خان کو اپنی یہ کوشش جاری رکھنے کی تلقین بھی کی۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ یوسف مستی خان ایک معروف سیاست دان اور قوم پرست رہنما تھے، ان کا خاندان طویل عرصے سے کراچی میں آباد ہے۔ عابد ایس مستی خان نے اپنے فن کے ذریعے ایک خوبصورت روایت کو آگے بڑھایا ہے اور ان کی تصاویر نے ہمیں بلوچستان کے قدرتی حسن، ثقافت اور روایات کی یاد تازہ کر دی ہے۔ بلوچستان کا حسن آفاقی ہے، وہاں کی قدیم ثقافت، روایات اور قدرتی مناظر کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کو ان کے گھروں تک محدود کرنا ایسا ہی ہے جیسے کسی آزاد پرندے یا ہرن کو قید کر دیا جائے۔ ہماری خواہش ہے کہ پورا بلوچستان کھلا ہو اور ملک بھر سے لوگ وہاں جا کر اس کی شاندار ثقافت اور حسن سے روشناس ہوں۔

محمد احمد شاہ نے کہا کہ ہمیں جس دھرتی پر رہتے ہیں، اس کی ثقافت اور روایات کا احترام کرنا چاہیے۔ پاکستان میں بسنے والے تمام شہری برابر کے حقوق رکھتے ہیں، چاہے ان کا تعلق کسی بھی مذہب، طبقے یا زبان سے ہو۔ ہم بحیثیت قوم ایک دوسرے کے ساتھ امن اور احترام سے رہ کر ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔ ذاتی اور سیاسی مفادات کی خاطر ملک کو نقصان پہنچانے کے بجائے ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہیے جہاں ہر شہری کی بات سنی جائے اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اسے اپنے جائز حقوق کے لیے آواز اٹھانے کی مکمل آزادی حاصل ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ آرٹس کونسل سول سوسائٹی کا ایک اہم ادارہ ہے اور اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے میں مساوات، امن اور ثقافتی ہم آہنگی کا پیغام عام کرے۔ یہ ملک کسی حکمران کی جاگیر نہیں بلکہ یہاں بسنے والے تمام شہریوں کی مشترکہ ملکیت ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں