
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، وفاقی وزراء بھی وزیر اعظم کے ساتھ تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیر اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا، وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، اس موقع پر وزیر اعظم نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور کابینہ ارکان نے عسکری قیادت سے قومی سلامتی، علاقائی استحکام اور فوجی تیاریوں پر بات چیت کی۔
وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو موجودہ سکیورٹی ماحول اور خطرات سے نمٹنے اور انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم اور کابینہ ارکان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا جبکہ سویلین اور فوجی قیادت کا قومی مفادات کو برقرار رکھنے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مسلح افواج کی آپریشنل تیاریاں یقینی بنانے کیلئے تمام درکار وسائل دے گی،پاکستان کا پرامن عروج یقینی بنانے کیلئے مسلح افواج کے کردارکی اہمیت کو کم نہیں کیا جاسکتا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی، پاک فوج پاکستان کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں حکومت کی بھرپور حمایت کرے گی۔
آرمی چیف نے دورے اور فوج پر اعتماد کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
