
کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن جیتنے والے سید اویس قادر شاہ اسپیکر سندھ اسمبلی اور انتھونی نوید ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوگئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے صدر و نومنتخب رکن سندھ اسمبلی سعید غنی اسپیکر کے انتخاب کے لئے جب ووٹ دینے آئے تو ایوان کی گیلریوں سے بھائی جان بھائی جان کے نعروں سے پورا ایوان گونج اٹھا
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوا، سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے ووٹنگ کے عمل کا بائیکاٹ کیا۔
ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی کی گئی اور اسپیکر آغا سراج درانی نے نتائج کا اعلان کیا۔
اسپیکر آغا سراج درانی نے اعلان کیا کہ سید اویس قادر شاہ 111 ووٹ لے کر اسپیکر منتخب ہو گئے ہیں،ایم کیو ایم کی امیدوار صوفیہ سعید شاہ نے 36 ووٹ حاصل کیے۔
آغا سراج درانی نے سید اویس قادر شاہ سے عہدےکا حلف لیا جس کے بعد انہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
اس کے بعد ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوا جس میں پیپلز پارٹی کے انتھونی نوید ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوگئے۔
اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے والے 9 آزاد ارکان اور جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے حلف اٹھایا
