
کراچی: چیئرمین گلشنِ اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے کہا ہے کہ عوام کے بلدیاتی مسائل کے حل کیلئے افسران و بلدیاتی نمائندگان باہمی کو آرڈی نیشن سے بلدیاتی خدمات کے سفر کو جاری رکھیں، عوامی مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ، جس کیلئے تمام تر افرادی و مشینی قوتوں کو بروئے کار لایا جارہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 2 کے چئیرمین ریاض اظہر ، وائس چیئرمین اشعر احمد اور تمام بلدیاتی محکمہ جاتی افسران سے یوسی 2 میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر یوسی 2 کے چئیرمن ریاض اظہر نے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں در پیش مسائل سے آگاہ کرتے ہویے بتایا کہ یوسی میں نکاسی آب کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے جس کے تدراک کیلئے فی الفور نئی سیوریج لائنوں کی تنصیب کے ساتھ ساتھ گٹر کے ڈھکن درکار ہیں، اس کے علاوہ پانی کی لائنوں میں سیوریج کا پانی شامل ہونے کی بھی شکایات موصول ہوئی ہیں
حسن اسکوائر سے 13 ڈی جانے والی سڑک کی بہتری، تجاوزات کے خاتمے، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و درستگی ، یوسی آفس کو کشادہ کرنے، آوارہ کتوں کے خاتمے، پارکس کی بہتری و دیگر بلدیاتی امور میں بہتری کے حوالے سے درخواست کی،
چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے اس موقع پر متعلقہ محکمہ جاتی افسران جس میں واٹر بورڈ کے ایکسئین اعجاز احمد کو ہداہت دیتے ہوئے کہا کہ سیوریج کے مسائل کے حل کیلئے فوری کوئی ٹھوس اقدامات کئے جائیں
تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے ہدایت دیتے ہوئے ڈاکٹر فواد احمد نےکہا گیا کہ ٹاؤن کامحکمہ انسداد تجاوزات علاقہ مکینوں کو آن بورڈ لے کر تجاوزات کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے
ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ آپس کے مضبوط روابط سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے، بلدیاتی نمائندگان اور افسران ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون کرکے گلشن اقبال کی عوام کیلئے ایک بہتر اور "گلشن کو گلشن” بنانے میں اپنا کردار ادا کریں مربوط حکمت عملی کے تحت دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے بتدریج مسائل کے حل کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ،ٹاؤن میں جو بھی مسائل موجود ہیں ان کے حل کیلئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے
اس موقع پر ڈائریکٹر پارکس شباہت حسین، اے ای ای بی اینڈ آر راشد فیاض ، ایس ای ایم اینڈ ای محمد گلفام ، اے ای ای فراہمی آب آغا ، ڈپٹی ڈائریکٹر انسداد تجاوزات قاسم عباسی و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے.
