
کراچی: امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی کے وفد نے ہائیڈرنٹس مینجمنٹ سینٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی طرف سے حال ہی میں اٹھائے گئے نئے اقدامات اور اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مرکزی دفتر کارساز کا دورہ کیا۔
امریکی قونصلیٹ جنرل وفد کی نمائندگی سینئر انٹرنیشنل واٹر پالیسی ایڈوائزر امریکی محکمہ خارجہ ڈاکٹر ربیکا پیٹرز، سربراہ اکنامک یونٹ امریکی قونصلیٹ جنرل لیہ سیورینو اور اقتصادی ماہر امریکی قونصلیٹ جنرل قاسم سعید کر رہے تھے، وفد کو سید صلاح الدین احمد، منیجنگ ڈائریکٹر / سی ای او واٹر کارپوریشن نے ایک تفصیلی بریفنگ دی۔
ان کے ساتھ اسد اللہ خان، چیف آپریٹنگ آفیسر، ایم ڈی سیکریٹریٹ کارساز میں موجود تھے، منیجنگ ڈائریکٹر / سی ای او واٹر کارپوریشن نے وفد کو آنے والے سالوں میں کارپوریشن کی حالیہ اصلاحات، بحالی اور وژن کے بارے میں آگاہ کیا، وفد نے واٹر کارپوریشن کے حال ہی میں قائم کردہ ہائیڈرینٹ مینجمنٹ اینڈ مانیٹرنگ سینٹر کا بھی دورہ کیا۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان ملاقات کا مقصد باہمی دلچسپی کے مواقع تلاش کرنا تھا، ملاقات کے دوران واٹر کارپوریشن کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی دستیابی اور سیکیورٹی کے حوالے سے حالیہ کیے گئے انتظامات کے بارے میں بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید برآں، باہمی دلچسپی کے شعبوں بشمول تجربات کے تبادلے، سرسبز ماحول کے اقدامات، تکنیکی صلاحیت میں اضافہ، پانی کے شعبے میں امریکی کمپنیوں کی شمولیت کا ارادہ بھی زیر بحث آیا۔
اس موقع پر امریکی وفد نے واٹر کارپوریشن کو ایک جدید ذمہ دار اور خدمت پر مبنی افادیت میں تبدیل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کے لیے ایم ڈی / سی ای او واٹر کارپوریشن کی کاوشوں کو سراہا اور ہائیڈرینٹ مینجمنٹ اینڈ مانیٹرنگ سینٹر کے قیام سمیت بے مثال آپریشنز کو انجام دینے اور پانی کے غیر قانونی کنکشن کے خلاف کاروائیوں پر خصوصی تعریف کی، وفد نے ادارے میں فعال پانی کے جدید نظام SKADA سسٹم کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اور ری سائیکلنگ کے منصوبوں کے مواقع جاننے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا اور مستقبل میں تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
