
لاہور: چوہدری پرویز الہیٰ نے عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے امریکی عہدیداران، یورپین یونین کے نمائندوں اور آئی ایم ایف وفد نے ملاقات کی ہے۔
پرویز الہیٰ کے دعوے کے بعد جیل سپرنٹنڈںٹ اور محکمہ جیل خانہ جات کے ترجمان نے اس کی تردید کی تھی اور بتایا تھا کہ عمران خان سے کسی بھی غیر ملکی نے ملاقات نہیں کی، چیئرمین پی ٹی آئی سے صرف اہل خانہ اور وکلا کی ملاقات ہوئی ہے۔
ترجمان نے کہا تھا کہ پرویز الہیٰ اور عمران خان دونوں ایک جیل میں تو ہیں مگر دونوں کی اب تک کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے۔
پنجاب حکومت کے ترجمان عامر میر نے پرویز الہیٰ کے بیان ’حال ہی میں سینئر امریکی حکام کی اڈیالہ جیل میں عمران خان کے ساتھ ملاقات‘ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ جیل میں کسی امریکی عہدیدار نے عمران خان سے ملاقات نہیں کی۔
