
لاہور: ایم کیو ایم اور (ن) لیگ نے آئندہ انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان کردیا
سابق وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے وفد نے رائیونڈ میں مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔
خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال ایم کیو ایم کے وفد میں شامل تھے
(ن) لیگ کی طرف سے ملاقات میں شہباز شریف، مریم نواز، خواجہ سعد رفیق اور پرویز رشید بھی شریک ہوئے
ملاقات میں عام انتخابات، انتخابی اتحاد اور موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی جب کہ اس دوران پاکستان کے عوام کو معاشی دلدل سے نکالنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
نواز شریف سے ملاقات کے بعد ایم کیوایم اور (ن) لیگ کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی جس میں سعد رفیق نے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل ایم کیوایم سے سیاسی اتحاد ہوا تب ہی آج والا اتحاد طے پاگیا تھا
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 8 فروری کا الیکشن رواداری کے ماحول میں لڑنے جارہے ہیں فاروق ستار نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل کسی ایک جماعت کے پاس نہیں، قومی معیشت کی بات ہو یا قومی سیاست کی کراچی کا کردار اہم ہے۔
