
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل اور مسلمانوں کے مقدس مقامات پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کیلیے فلسطینی بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے زیرصدارت جی ایچ کیو میں 260ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا.
کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات کو،پاکستانی عوام کی مجموعی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
کانفرنس میں غزہ-اسرائیل جنگ میں ہونے والی پیش رفت اور اسرائیل کی طرف سے طاقت کے استعمال کے باعث معصوم شہریوں کے جانی نقصان پرتشویش کااظہار کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل، ان کی سرزمین اور مسلمانوں کے مقدس مقامات پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کے لیے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے ربیع الاول کے مقدس مہینے کے دوران مستونگ، ہنگو اور ژوب میں شہید ہونے والے اہل کاروں کے ایصال و ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ مختلف علاقوں میں ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ مافیاز اور کارٹلز کے خلاف کارروائیوں کو آنے والے دنوں میں مزید تقویت دی جائے گی تاکہ ملک کو معاشی سرگرمیوں کے منفی اثرات سے نجات دلائی جا سکے۔
