
کراچی: نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کا تقریب سے خطاب میں کہا کہ دنیا بھر میں 5 اکتوبر کا دن اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منایا جاتا ہے،اپنی زندگی کا ایک طویل وقت اور توانائی تعلیم اور سماجی خدمت کے شعبے کو دینے پر اساتذہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دور حاضر میں ملکوں اور قوموں کی ترقی اور برتری کا مقابلہ کلاس روم میں ہوتا ہے،جب کہ کلاس روم کی بہتری کا سب سے بڑا پیمانہ استاد ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ دنیا کا نقشہ کلاس روم میں بنتا اور مکمل ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کلاس روم کا دارومدار ایک اچھے استاد پر ہوتا ہے یعنی آج ایک اچھی اور مکمل دنیا کی تشکیل کا دن ہے،شعبہ تعلیم سے وابستہ ہر فرد بالخصوص قابل اساتذہ مبارک باد کے مستحق ہیں،ایک جانب یہ دن ہم اساتذہ کو اپنی عزت و اہمیت کا احساس دلاتا ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے اپنے خطاب میں کہا کہ 21 ویں صدی میں تدریس کے معیارات مکمل طور پر تبدیل ہو گئے ہیں،حافظہ کی جگہ مہارت اور ذہانت کی جگہ متوازن شخصیت نے لے لی ہے۔آج کے دن ہمیں نوجوانوں کی ذہنی قابلیت کے ساتھ اچھے اخلاق کے لیے ٹھوس حکمت عملی تیار کرنا ہوگی۔
