آج کراچی میں لاکھوں کی تعداد میں جمع ہو کر اپنی دھرتی سے محبت کا ثبوت دیں گے:قادر مگسی

آج کراچی میں لاکھوں کی تعداد میں جمع ہو کر اپنی دھرتی سے محبت کا ثبوت دیں گے:قادر مگسی

کراچی:سندھ ترقی پسند پارٹی کے پریس ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آج 29 نومبر کو سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے کراچی میں ”سندھ میری ماں“ کے عنوان سے جلسہ عام منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں شرکت کے لیے سندھ بھر کے مختلف شہروں، دیہات اور علاقوں سے قافلے کراچی پہنچیں گے۔

ترجمان امتیاز سموں کے مطابق سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کی قیادت میں دوپہر ایک بجے گھگھر پھاٹک سے ریلی کا آغاز ہوگا، جو جلسہ گاہ پہنچے گی، جہاں دوپہر 3 بجے گورنر ہاؤس کے قریب فوارہ چوک پر جلسہ عام منعقد ہوگا۔ جلسے سے سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کے علاوہ بلوچ رہنما ثناء اللہ بلوچ، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما شاہی سید، بلوچ رہنما اورنگزیب بلوچ، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا راشد محمود سومرو سمیت سندھ کے مختلف سیاسی رہنما، دانشور، ادیب، مصنفین اور وکلاء رہنما خطاب کریں گے۔

سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے جلسے کے حوالے سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج کراچی میں سندھ سے محبت کرنے والے ہر زبان کے بولنے والے افراد شریک ہوں گے۔ سندھ سے محبت کا تعلق کسی ایک زبان، نسل یا برادری سے نہیں بلکہ سندھ کو اپنا مادرِ وطن سمجھنے سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ہمارا تاریخی اور فطری مادرِ وطن ہے، جس کی ہزاروں سالہ تاریخ، تہذیب، ثقافت اور اپنی قومی شناخت ہے۔ سندھ کی تاریخی وحدت، جغرافیائی حدود اور سرحدوں سے کسی کو بھی چھیڑ چھاڑ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ڈاکٹر قادر مگسی نے مزید کہا کہ سندھ کو اپنا مادرِ وطن سمجھنے والے سندھ کے عوام آج کراچی میں لاکھوں کی تعداد میں جمع ہو کر قومی اتحاد، یکجہتی اور اپنی دھرتی سے محبت کا ثبوت دیں گے۔ ”سندھ میری ماں“ جلسہ سندھ سے محبت کرنے والے مختلف زبانیں بولنے والے افراد کی مشترکہ قومی وابستگی اور سندھ کی تاریخی وحدت کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہوگا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں