بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی: بلوچستان کے 4 اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 20 نومبر سے جاری انسداد دہشت گردی مہم کے تحت نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں کی گئیں۔
20 نومبر کو ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک ہونےو الے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔21 نومبر کو ضلع سبی میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ ملنے پر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 22 اور 23 نومبر کو پنجگور اور کیچ کے اضلاع میں 2 الگ الگ جھڑپوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا۔ ان کارروائیوں میں مزید 2 دہشت گرد مارے گئے، جس کے بعد بلوچستان میں حالیہ آپریشنز کے دوران ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 12 ہوگئی۔قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ حکمت عملی ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت کے ذریعے پھیلائی جانے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے یہ مہم بلا تعطل جاری رکھنے کا عزم کیا گیا ہے۔
صدر، وزیراعظم، وزیر داخلہ، وزرائے اعلیٰ اور سیاسی شخصیات کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
