کراچی کو دوبارہ نفرت اور دہشت گردی کی طرف نہیں جانے دیں گے:مرتضیٰ وہاب

کراچی کو دوبارہ نفرت اور دہشت گردی کی طرف نہیں جانے دیں گے:مرتضیٰ وہاب

کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہا ہے کہ نفرت کسی بھی معاشرے کے لیے سب سے زیادہ نقصان دہ ہوتی ہے۔ سندھ کے تمام چھ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے میئرز محبت، آئین کی سربلندی اور نفرتوں کے خاتمے کا پیغام دینے کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم کراچی کو دوبارہ 1980 اور 1990 کی دہائی کے بدامنی اور خوف کے دور میں نہیں جانے دینا چاہتے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہا کہ سندھ کی تاریخ پانچ ہزار سال پرانی ہے، جبکہ کراچی کی تاریخ 1947 سے شروع نہیں ہوتی۔ یہ شہر صدیوں پرانی تہذیب کا امین ہے اور حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ بھی اسی شہر میں مدفون ہیں۔ کراچی کی تاریخی شناخت کو نظرانداز کرکے اس شہر کی تاریخ کو صرف قیام پاکستان کے بعد سے جوڑنا درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1970 کی دہائی میں کراچی پورے خطے کا ہیرا اور پاکستان کی ترقی کا اہم مرکز سمجھا جاتا تھا، لیکن 1980 کی دہائی میں لسانی سیاست نے شہر کا ماحول تبدیل کردیا۔ بعد ازاں بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، دہشت گردی اور خوف کی فضا نے شہر کو متاثر کیا۔ علم، ادب اور تہذیب کے حوالے سے پہچانے جانے والے شہر میں قلم کی جگہ اسلحے کی باتیں ہونے لگیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ سیاسی کارکنوں، صحافیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کے نتیجے میں شہر میں امن بحال ہوا۔ ہم نہیں چاہتے کہ کراچی دوبارہ ماضی کے حالات کی طرف لوٹے، کیونکہ کراچی، سندھ اور پاکستان کے نوجوانوں کا مستقبل امن سے وابستہ ہے۔

بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہا کہ معاشرے میں برداشت ہونی چاہیے تاکہ لوگ ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھ سکیں۔ انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے اسے ’’منتشر قومی موومنٹ‘‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی پریس کانفرنس میں مصطفیٰ کمال موجود نہیں تھے، جبکہ جماعت کے اندرونی اختلافات کا فیصلہ متعلقہ لوگوں کو خود کرنا چاہیے۔

مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہا کہ اب نائن زیرو بھی نہیں رہا اور اختلافات کے حوالے سے بہادرآباد اور رضویہ روڈ کا ذکر کیا جارہا ہے۔ سیاسی جماعتوں کو باہمی اختلافات کے بجائے عوام کو معاشی مشکلات سے نکالنے اور ان کے بنیادی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان واضح کرتا ہے کہ ریاست کے اختیارات منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کیے جائیں گے۔ 1973 کے آئین میں صوبوں کی حدود تبدیل کرنے کا طریقہ بھی واضح طور پر درج ہے۔ سندھ کے عوام ایک ساتھ رہنا چاہتے ہیں اور وہ خود کو اردو بولنے والا سندھی سمجھتے ہیں۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہا کہ پاکستان ہم سب کے بزرگوں کی جدوجہد اور قربانیوں سے بنا ہے، اس لیے نفرت اور تعصب سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ آئین کے اصولوں پر عمل کرنا ضروری ہے اور آئینی طریقہ کار کو نظرانداز کرنا خطرناک مثال بن سکتا ہے۔سندھ کے مستقبل اور صوبائی معاملات پر فیصلے آئین اور منتخب نمائندوں کے ذریعے ہونے چاہئیں، جبکہ سیاسی قیادت کو نفرت اور تقسیم کے بجائے محبت، برداشت، امن اور عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دینی چاہیے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں