وفاقی وزیر صحت کا پاکستان میں علاج پر مبنی نظامِ صحت کو بیماریوں سے بچاؤ کے نظام میں تبدیل کرنے پر زور
کراچی: وفاقی وزیر برائے قومی صحت، ضوابط و رابطہ سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان میں نظامِ صحت کو علاج پر مرکوز نظام (Sick Care) سے بیماریوں کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر پر مبنی نظام (Preventive Healthcare) میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل انکیوبیشن سینٹر (NIC) کراچی، جامعہ این ای ڈی میں منعقدہ اسٹارٹ اپ۔گورنمنٹ ڈائیلاگ بعنوان "صحت مند پاکستان کے لیے جدت” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حقیقی صحت کی سہولت زیادہ ہسپتال بنانے یا زیادہ مریضوں کا علاج کرنے میں نہیں بلکہ لوگوں کو بیمار ہونے سے بچانے میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کا تحفظ بچے کی پیدائش سے شروع ہوتا ہے، جس میں حفاظتی ٹیکہ جات، عوامی آگاہی اور بروقت تشخیص بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
بیماریوں کے معاشی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تقریباً ایک کروڑ بیس لاکھ افراد بیماریوں کے اخراجات کے باعث غربت کا شکار ہوئے ہیں اور کئی خاندانوں کو علاج کے لیے اپنے گھر اور زیورات تک فروخت کرنا پڑے۔ انہوں نے آبادی میں اضافے کو بھی ایک اہم قومی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 67 سے 70 لاکھ بچوں کی پیدائش ہوتی ہے جبکہ آبادی میں اضافے کی شرح تقریباً 2.5 فیصد ہے۔
زچہ و بچہ کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 11 ہزار مائیں حمل اور زچگی کے دوران زندگی سے محروم ہو جاتی ہیں، جبکہ تقریباً 40 فیصد بچے نشوونما میں کمی (Stunting) کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حمل کوئی بیماری نہیں اور مناسب طبی سہولیات، آگاہی اور بروقت مداخلت کے ذریعے ماؤں کی بڑی تعداد کی زندگیاں محفوظ بنائی جا سکتی ہیں۔
وفاقی وزیر نے بچوں کی حفاظتی ویکسینیشن، غذائیت اور متعدی بیماریوں کی روک تھام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کے لیے وزیراعظم کے اقدام کا حوالہ دیتے ہوئے بروقت تشخیص اور علاج کی ضرورت اجاگر کی۔ انہوں نے ایچ آئی وی سے متعلق سماجی بدنامی اور عدم آگاہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوامی شعور بیدار کرنے پر زور دیا۔
ٹیکنالوجی کے کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے اسٹارٹ اپس پر زور دیا کہ وہ ایسی جدید ایپلی کیشنز اور مصنوعات تیار کریں جو نہ صرف مریضوں کے علاج بلکہ بیماریوں کی روک تھام میں بھی معاون ثابت ہوں۔ انہوں نے حاملہ خواتین کو طبی رہنمائی فراہم کرنے والی ڈیجیٹل ایپلی کیشنز کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت کا شعبہ صرف وزارتِ صحت کی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت، طبی ماہرین، میڈیا، ٹیکنالوجی کے ماہرین اور معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو ایک ایسے نظامِ صحت کی ضرورت ہے جو لوگوں کا علاج کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بیمار ہونے سے محفوظ رکھنے کو بھی اولین ترجیح دے۔
