اسپیکر سندھ اسمبلی سے قائم مقام چینی قونصل جنرل کی ملاقات
کراچی: قائم مقام قونصل جنرل عوامی جمہوریہ چین فینگ ڈی ہینگ نے آج اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ سے سندھ اسمبلی میں ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں پاک چین تعلقات، حالیہ اعلیٰ سطح کے دوروں اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سیکریٹری سندھ اسمبلی جی۔ ایم۔ عمر فاروق اور ڈائریکٹر جنرل میڈیا عرفان احمد میمن بھی موجود تھے۔
اسپیکر نے اپنے دورِ وزارتِ ٹرانسپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی کے لیے ریڈ بسوں کی خریداری اور بروقت آمد کے سلسلے میں انہوں نے اُس وقت کے چینی قونصل جنرل سے رابطہ کیا تھا۔ انہوں نے چینی قونصل خانے اور کمپنیوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے کراچی میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے وژن کو آگے بڑھانے میں مدد ملی۔
ملاقات میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے حالیہ دورۂ چین کے تناظر میں تعاون کے نئے امکانات پر گفتگو ہوئی۔ اسپیکر نے پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریب میں اپنی شرکت کا بھی ذکر کیا۔
قائم مقام چینی قونصل جنرل نے چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور (CPIC) کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس اقدام کے ذریعے میڈیا، معلومات کے تبادلے، حقائق کی تصدیق، تحقیق، کاروبار اور ثقافتی روابط کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ غلط معلومات اور منفی بیانیوں کا مقابلہ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
خلائی تحقیق میں تعاون کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے چین کے شینژو-24 انسانی خلائی مشن میں پاکستان کی شرکت کو اہم پیش رفت قرار دیا، جس کے تحت پاکستانی خلا باز چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔
دونوں شخصیات نے مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر مؤثر عملدرآمد اور ان کی پیش رفت کے لیے باقاعدہ رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر سکھر اور چین کے شہر یچانگ کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنے کی تجویز بھی زیر بحث آئی۔ اسپیکر نے اس منصوبے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ سکھر ان کا آبائی شہر ہے، جہاں وہ پیدا ہوئے اور رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے۔ انہوں نے سکھر بیراج کی بحالی میں چین کے تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا اور اسے سندھ کے آبپاشی نظام اور زرعی معیشت کے لیے اہم قرار دیا۔
ملاقات میں سندھ اسمبلی اور چین کے متعلقہ قانون ساز ادارے کے درمیان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر نے کہا کہ قومی اسمبلی کی طرز پر ایسا گروپ قائم کرنے کا مقصد پارلیمانی تجربات، قانون سازی کے بہترین طریقوں، تربیت، استعداد کار میں اضافے اور وفود کے تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔ اس سلسلے میں مجوزہ گروپ کے ضابطہ کار (ToRs)، ساخت اور آئندہ لائحہ عمل پر بھی گفتگو ہوئی۔
اسپیکر نے نوجوان پارلیمنٹیرینز کی تربیت، فیلوشپس اور مطالعاتی دوروں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان سیاسی قیادت کو پارلیمانی اور بین الاقوامی تجربات سے مستفید ہونے کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور چیئرمین ماؤ زے ڈونگ کے دور میں استوار ہونے والی پاک چین دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے اور پاکستان کے تمام اہم ادارے چین کو ایک قابل اعتماد دوست سمجھتے ہیں۔
قائم مقام چینی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ سندھ کے دورے کے بعد دونوں جانب بہتر رابطہ کاری اور طے شدہ منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ اسپیکر نے یقین دلایا کہ ان کا دفتر باہمی دلچسپی کے منصوبوں کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں سے رابطہ کاری میں مکمل تعاون فراہم کرے گا۔
ملاقات کے اختتام پر اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے قائم مقام چینی قونصل جنرل کو سندھ اسمبلی کی یادگاری شیلڈ، سندھی ٹوپی اور اجرک بطور تحفہ پیش کی۔
