کمشنر کراچی کے دفتر میں اہم اجلاس، چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کی شرکت

کمشنر کراچی کے دفتر میں اہم اجلاس، چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کی شرکت

کراچی: یونین کمیٹی 10 منگھوپیر میں گٹر کی صفائی کے دوران زہریلی گیس کے باعث واٹر بورڈ کے تین ملازمین کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے کے تناظر میں کمشنر کراچی کے دفتر میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔

اسسٹنٹ کمشنر کراچی کی سربراہی میں ہونے والی میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر ویسٹ ذوالفقار علی میمن، چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی، میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

میٹنگ میں  پیش آنے والے مذکورہ واقعے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے انتظامی دائرۂ اختیار اور ذمہ داریوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ واٹر بورڈ کے مذکورہ کام ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے دائرۂ کار میں شامل نہیں ہیں۔

چیئرمین ٹاؤن منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تین ملازمین کی قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ ہم واقعے کے وقت بھی متاثرہ ملازمین کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے تھے اور آج بھی ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔ گٹروں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے دوران زہریلی گیس کی موجودگی کی جانچ، ملازمین کو حفاظتی آلات کی فراہمی، مناسب تربیت اور حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی بھی قیمتی انسانی جان کا ضیاع نہ ہو۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونا چاہیے اور تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کریں۔

میٹنگ میں مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات سے بچاؤ، متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور ملازمین کی حفاظت کے لیے مؤثر حفاظتی لائحۂ عمل اختیار کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں