چیئرمین صدر ٹاؤن کی نگرانی میں کلفٹن، تین تلوار اور کینٹ اسٹیشن کے اطراف تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن،چالان بھی کیے گئے
چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ کی نگرانی میں کلفٹن، تین تلوار اور کینٹ اسٹیشن کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور آپریشن، متعدد تجاوزات کا خاتمہ، خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان بھی کیے گئے
کراچی: چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ کی خصوصی نگرانی میں صدر ٹاؤن کی حدود میں تجاوزات کے خاتمے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے انسدادِ تجاوزات کا بھرپور آپریشن جاری ہے۔ اس سلسلے میں تین تلوار، کلفٹن اور کینٹ اسٹیشن کے اطراف قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقامات سے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا اور سرکاری و عوامی جگہوں کو واگزار کرانے کے لیے عملی اقدامات کیے گئے۔
اس موقع پر چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے جاری آپریشن کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران و عملے کو کارروائی مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات اس شہر کے لیے ناسور ہیں اور ہم اس ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ عوامی مقامات، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر غیر قانونی قبضے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ تجاوزات کے باعث شہریوں، پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے، جس کے خاتمے کے لیے بلا امتیاز کارروائی ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹاؤن انتظامیہ شہر کی خوبصورتی، صفائی ستھرائی اور شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انسدادِ تجاوزات مہم کسی ایک دن کی کارروائی نہیں بلکہ اسے مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہو سکیں۔ خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی سرکاری اراضی یا عوامی راستوں پر غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آپریشن کے دوران تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف چالان بھی کیے گئے اور متعلقہ افراد کو قانونی ضابطوں کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ چیئرمین صدر ٹاؤن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کارروائی کے بعد ان مقامات کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہوں اور شہریوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر سپرنٹنڈنگ انجینئر بی اینڈ آر سلمان رحمٰن میمن، ڈائریکٹر انکروچمنٹ علی اکبر مہر، متعلقہ افسران اور محکمہ انسدادِ تجاوزات کا عملہ بھی موجود تھا۔
