امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب کے ہمراہ خورشید احمد اسٹریٹ کا افتتاح کردیا
کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج اور چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب کے ہمراہ خورشید احمد اسٹریٹ کا افتتاح کیا۔ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کے تحت تعمیر کی جانے والی یہ سڑک تقریباً 40 ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر مشتمل ہے، جو فردوس شاپنگ سینٹر سے 420 ہوٹل تک جاتی ہے۔ سڑک کی تعمیر پیور بلاکس کے ذریعے بہترین معیار کے مطابق مکمل کی گئی ہے، جس سے علاقے میں آمدورفت کی سہولیات بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں اور دکانداروں کو بھی نمایاں ریلیف ملے گا۔
افتتاحی تقریب میں وائس چیئرمین اسحاق تیموری، چیئرمین یونین کمیٹی نمبر04 عبید احمد خان،وائس چیئرمین یونین کمیٹی نمبر04 طلحہ حسیب، میونسپل کمشنر عبدالستار سومرو،بلدیاتی افسران سمیت علاقہ معززین، تاجروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ شہر کے بنیادی مسائل کے حل، سڑکوں کی تعمیر و بحالی، صفائی ستھرائی اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کی جانب سے خورشید احمد اسٹریٹ کی تعمیر ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے براہ راست علاقے کے عوام مستفید ہوں گے۔ جماعت اسلامی کا مقصد محض اعلانات کرنا نہیں بلکہ عوام کو عملی طور پر ریلیف فراہم کرنا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کے ہر علاقے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے اور شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق ان کی دہلیز پر فراہم کیے جائیں۔امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج نے کہا کہ علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل خوش آئند ہے۔ خورشید احمد اسٹریٹ کی تعمیر سے نہ صرف علاقہ مکینوں بلکہ تاجروں اور یہاں سے روزانہ گزرنے والے شہریوں کو بھی سہولت حاصل ہوگی۔ جماعت اسلامی کی قیادت عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے کہا کہ خورشید احمد اسٹریٹ کی تعمیر ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے علاقے کی بہتری اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ تقریباً 40 ہزار اسکوائر فٹ پر مشتمل اس سڑک کو پیور بلاکس کے ذریعے تعمیر کیا گیا ہے تاکہ علاقہ مکینوں، تاجروں اور دکانداروں کو دیرپا اور معیاری سہولت فراہم کی جاسکے۔ ہماری کوشش ہے کہ لیاقت آباد ٹاؤن کے تمام علاقوں میں بلا تفریق ترقیاتی کام کیے جائیں اور جہاں بھی بنیادی سہولیات کی کمی ہے اسے ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا اصل مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور ٹاؤن انتظامیہ اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔
