پاکستان امریکن کلچرل سینٹرکے زیرِ اہتمام دوسرا تھیٹر فیسٹیول 2026 یکم دسمبر سے 12 دسمبر تک منعقد ہوگا
کراچی: پاکستان امریکن کلچرل سینٹر (PACC) کے زیرِ اہتمام دوسرا تھیٹر فیسٹیول 2026 یکم دسمبر سے 12 دسمبر تک منعقد ہوگا، جس میں ملک کے نامور تھیٹر فنکاروں اور ہدایت کاروں کے 12 ڈرامے پیش کیے جائیں گے۔ فیسٹیول کا مقصد تھیٹر، فنونِ لطیفہ اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور مختلف زبانوں کے فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
فیسٹیول کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے PACC کے صدر سید مخدوم علی ریاض، کلچرل کمیٹی کے چیئرمین یوسف جیلانی اور فیسٹیول کوآرڈینیٹرز رضوان صابر اور الیاس ندیم کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیسٹیول کے تمام ڈائریکٹرز سے راے اور تجاوزات لی گئی اورانتظامی امور، دیگر تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر PACC کے صدر سید مخدوم علی ریاض نے کہا کہ دوسرا تھیٹر فیسٹیول فن و ثقافت کے فروغ اور تھیٹر کی روایت کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ تھیٹر معاشرے کی عکاسی کرنے، سماجی شعور اجاگر کرنے اور مختلف ثقافتوں کو قریب لانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ فیسٹیول کے ذریعے فنکاروں کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار اور شائقین کو معیاری تھیٹر دیکھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ PACC فنونِ لطیفہ اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا ۔
اس فیسٹیول میں ملک کے معروف تھیٹر فنکاروں اور ہدایت کاروں پرویز صدیقی، سلیم آفریدی، علی حسن، شکیل شاہ، آغا شیرازی، میرا اسلم لاشاری، رفیق لاسی، جاوید اختر، شبیر بھٹی، شمیر راہی، ہنی خان اور رضوان صابر کے ڈرامے شامل ہوں گے۔
یہ فیسٹیول مختلف زبانوں، ثقافتوں اور معاشرتی موضوعات کی نمائندگی کرتے ہوئے کراچی کی ثقافتی سرگرمیوں میں ایک اہم اضافہ ثابت ہوگا۔ اس کے ذریعے تھیٹر کی روایت کو آگے بڑھانے، فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور عوام میں فنونِ لطیفہ سے دلچسپی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
دوسرا PACC تھیٹر فیسٹیول 2026 یکم دسمبر سے 12 دسمبر تک پاکستان امریکن کلچرل سینٹر، کراچی میں منعقد ہوگا۔
