یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ریلی، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ایڈووکیٹ امجد حسین، صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ اور دیگر کی شرکت
کراچی: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ایڈووکیٹ امجد حسین، صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ اور صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر پیپلز سیکریٹریٹ سے مزارِ قائد تک نکالی جانے والی ریلی میں شرکت کی۔
ریلی میں اسکولوں کے طلبہ و طالبات، سیاسی و سماجی شخصیات، سرکاری افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کی۔
صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے ریلی کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔یومِ سیاہ کشمیر ہمیں کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑا ہے۔
