آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے صحافیوں کے لیے کینجھر جھیل کی تفریحی پکنک کا اہتمام اور تاریخی قبرستان مکلی کا دورہ
کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور محکمہ ثقافت سندھ کے مشترکہ تعاون سے صحافیوں کے لیے کینجھر جھیل کی تفریحی پکنک کا اہتمام کیا گیا، جس کے دوران صحافیوں کو تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ مکلی کے قبرستان جیسے سندھ کے تاریخی اور ثقافتی ورثے سے آگاہی حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔
پکنک کے سلسلے میں صحافیوں نے کینجھر جھیل کی خوبصورت فضا میں وقت گزارا۔ دورۂ مکلی کے موقع پر صحافیوں نے سندھ کی تاریخ، قدیم طرزِ تعمیر اور ثقافتی ورثے کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ اس تفریحی دورے کا مقصد صحافیوں کو مصروف پیشہ ورانہ معمولات سے کچھ وقت نکال کر تفریح کا موقع فراہم کرنے کے ساتھ سندھ کے تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرانا بھی تھا۔
اس موقع پر صحافیوں نے پکنک کے انعقاد پر صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ اور محکمہ ثقافت سندھ کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مصروف پیشہ ورانہ زندگی میں ایسی تفریحی سرگرمیاں ذہنی آسودگی، باہمی میل جول اور ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار وقت گزارنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہیں۔
صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے صحافیوں کے لیے ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران مصروف معمولات کا سامنا کرتے ہیں، اس لیے ان کے لیے تفریحی اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام اہمیت رکھتا ہے۔ صحافیوں کے لیے مستقبل میں بھی ایسی تفریحی اور ثقافتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
