سندھ سوئمنگ اینڈ فِن سوئمنگ چیمپئن شپ 2026: سوئمنگ اسکول کراچی کی دھاک، گرلز مقابلوں میں ٹائٹل اپنے نام کرلیا
کراچی: سندھ سوئمنگ اینڈ فِن سوئمنگ چیمپئن شپ 2026 کے پہلے روز گرلز مقابلوں میں سوئمنگ اسکول کراچی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی برتری ثابت کردی۔ آل سندھ بوائز اینڈ گرلز سوئمنگ چیمپئن شپ کے گرلز ایونٹس میں سوئمنگ اسکول کراچی نے 302 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ اسپورٹکس 287 پوائنٹس کے ساتھ رنر اَپ رہا۔ بیکن ہاؤس اسکول سسٹم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سندھ اوپن فِن سوئمنگ چیمپئن شپ میں بھی سوئمنگ اسکول کراچی نے اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے 500 سے زائد پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ اسپورٹکس نے رنر اَپ ٹرافی اپنے نام کی۔
چیمپئن شپ کے افتتاحی روز صرف گرلز کے مقابلے منعقد ہوئے، جن میں تقریباً 500 خواتین تیراکوں نے حصہ لیا۔ بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کی شرکت نے سندھ میں سوئمنگ اور فِن سوئمنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان اور خواتین کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نمایاں کیا۔ انفرادی اعزازات میں میروم نے بیسٹ سوئمنگ ٹرافی جبکہ میرال نے فِن سوئمر ٹرافی حاصل کی۔
تقسیمِ انعامات کی تقریب میں اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان، اگویلا ایکٹیو ویئر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر خالد اور سید فاؤنڈیشن کے صدر سید وسیم ہاشمی نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر شیراٹن اسپورٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاصف قریشی، جے کے ایس سی کے ڈائریکٹر عقیل اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ارسلان نعمت بھی موجود تھے۔
گرلز مقابلوں کا کامیاب انعقاد مکمل ہونے کے بعد چیمپئن شپ کا اگلا مرحلہ کل منعقد ہوگا، جس میں صرف بوائز کے مقابلے صبح 8 بجے سے دوپہر 3 بجے تک جہانگیر خان اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے۔ نوجوان تیراک مختلف مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعزازات کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گے۔
