ملتان کے قریب رحمان بابا ٹرین کو خوفناک حادثہ، کوچز پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں، 5 افراد جاں بحق
مسافر کے مطابق روہڑی کے قریب رحمان بابا ایکسپریس کی بوگی نمبر 9 کے نٹ بولٹ درست بھی کیے گئے تھے
ملتان: ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی.
پوری ٹرین پٹڑی سے اتر گئی جبکہ چند کوچز الٹ گئیں جس کے نتیجے میں 5 مسافر جاں بحق اور 12 سے زائد زخمی ہوگئے۔
حادثہ صبح تقریباً سوا 5 بجے پیش آیا جس کے بعد امدادی اداروں نے فوری کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو نشتر اسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حادثے کے بعد ٹرین میں سوار مسافر اپنا سامان لے کر پٹڑیوں کے کنارے بیٹھے دکھائی دیے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹرین کراچی سے پشاور جارہی تھی کہ شیر شاہ پل کے قریب پٹڑی سے اتر گئی۔
بعض ذرائع نے حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار تیز ہونے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم حادثے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔
وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے ٹرین حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے زخمی ہونے والے مسافروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔جاں بحق اور زخمی مسافروں کو ریلوے انشورنس پالیسی کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا۔
