13 سال کا گند 3 ماہ میں صاف کریں گے:گورنر کے پی کے
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ امن خراب کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا، خیبرپختونخوا کے فیصلے اب اسلام آباد سے ہوں گے جلال آباد سے نہیں، 13 سالوں میں کرپشن کرنے والے گرفتار ہوں گے اور جن کے خلاف مقدمات ہیں انہیں بھی حراست میں لیا جائے گا۔
اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اجلاس میں پولیس اور سی ٹی ڈی کو وسائل فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم اپنی پولیس کے ساتھ کھڑے ہیں جو وسائل ہیں وہ دیں گے۔آئی جی چیف سیکرٹری سے کہا ہے کہ پولیس کی تنخواہیں بڑھائیں، فورسز کے لیے شہداء کا پیکج بڑھا رہے ہیں۔ گورنر کے پی نے کہا کہ وہ زمانے چکے گئے وفاق سے لڑا جاتا تھا، صوبے میں اندھیرا گزر گیا اب اجالا ہوگا، ہمیں پالیسی اسلام آباد سے آئے گی جلال آباد سے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے صوبے کو جدید بکتر بند گاڑیاں دی جارہی تھیں مگر سابق حکومت نے وہ وصول نہیں کیں، وفاقی وزیر داخلہ نے بکتر بند گاڑیاں دی ہیں ہم نے وہ وصول کر لی ہیں کیونکہ ہم امن و امان پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہمارا فوکس صوبے کی ترقی اور امن و امان کا قیام ہے، کسی قسم کی توڑ پھوڑ یا ہنگامہ آرائی کی اجازت نہیں اور اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو پھر اُسے کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
