میئر کراچی نے یونیورسٹی روڈ کے متبادل پہلوان گوٹھ روڈ کے حوالے سے خوشخبری سنا دی
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے یونیورسٹی روڈ کے متبادل پہلوان گوٹھ روڈ کے حوالے سے خوشخبری سنا دی۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے زیرِ تعمیر پہلوان گوٹھ روڈ کا دورہ کیا جہاں محکمہ انجینئرنگ کے افسران نے انہیں بریفنگ دی۔
ڈی جی ٹیکنیکل سروسز نے میئر کراچی کو بریفنگ میں بتایا کہ آئندہ تین روز کے اندر سڑک کی کارپٹنگ شروع کر دی جائے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پہلوان گوٹھ روڈ کا نصف کام مکمل ہو چکا ہے، شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے خود سڑک پر کھڑے ہو کر کام کی نگرانی کروں گا۔
میئر کراچی نے کہا کہ ٹیم کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ بیس دن کے اندر کارپٹنگ کا کام مکمل کرکے ایک ٹریک عوام کے لیے کھول دیا جائے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی شہری حکومت نے خدمت کا نہ رکنے والا سفر جاری رکھا ہوا ہے، جس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔بہت جلد شہر کے انفراسٹرکچر میں مثبت تبدیلی نظر آئے گی۔
