محمد یوسف کا ایک اور بڑا ترقیاتی اقدام، 4400 روڈ عوام کے لیے کھول دیا گیا

محمد یوسف کا ایک اور بڑا ترقیاتی اقدام، 4400 روڈ عوام کے لیے کھول دیا گیا

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان اور چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نارتھ کراچی میں دومنٹ چورنگی سے الحمید اسکول تک تعمیر ہونے والی دو رویہ 4400 روڈ کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر سڑک کو جماعت اسلامی کے مخلص کارکن اور سابق کونسلر خالد حسین جوہری کے نام سے منسوب کیا گیا۔ منصوبے کی تکمیل سے نارتھ کراچی اور ملحقہ علاقوں کے ہزاروں شہریوں کو آمدورفت کی بہتر، محفوظ اور تیز سہولت میسر آ گئی ہے۔

افتتاحی تقریب میں امیر ضلع شمالی طارق مجتبیٰ، چیئرمین یو سی 2 احمد خان، وائس چیئرمین یو سی 2 فیضان قریشی، وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، بلدیاتی نمائندوں، معززینِ علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی ترقیاتی منصوبوں کی صورت میں پورا کیا ہے۔ کراچی کے جن ٹاؤنز میں جماعت اسلامی کی قیادت کام کر رہی ہے وہاں ترقیاتی سرگرمیاں نمایاں ہیں۔ایک ہزار گلیوں کی پیور بلاک سے تعمیر، درجنوں پارکوں کی تزئین و آرائش، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور سیوریج و پانی کے مسائل کے حل کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وسائل محدود ہونے کے باوجود عوامی خدمت کا سفر جاری ہے اور جہاں بھی شہریوں کو ریلیف دینے کا موقع ملا، جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے اپنی ذمہ داری پوری کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 4400 روڈ کی تکمیل نارتھ کراچی کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، جسے آج پورا کر دیا گیا ہے۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ایک سڑک نہیں بلکہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نارتھ کراچی کے شہریوں نے جس اعتماد کے ساتھ جماعت اسلامی کے نمائندوں کو منتخب کیا، ہم پوری دیانت داری اور شفافیت کے ساتھ اس اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خالد حسین جوہری کے نام سے اس شاہراہ کی نسبت ان کی عوامی خدمات کا اعتراف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، چالیس پارک عوام کے حوالے کیے جا چکے ہیں، مزید پارکوں پر کام جاری ہے، ایک ہزار گلیوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ لاکھوں مربع فٹ سڑکوں کی کارپیٹنگ اور مرمت کے منصوبے تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح شہریوں کو بہتر سڑکیں، صاف ماحول، نکاسیٔ آب کی مؤثر سہولت اور بنیادی شہری خدمات فراہم کرنا ہے تاکہ نیو کراچی ٹاؤن کو ایک مثالی اور جدید ٹاؤن بنایا جا سکے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے 4400 روڈ کی تعمیر کو علاقے کی ترقی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے منصوبے مستقبل میں بھی اسی رفتار سے جاری رہیں گے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں