میئر کراچی نے محکمہ انجینئرنگ کو ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ڈیڈلائن مقرر کرنے کا حکم دے دیا
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انجینئرنگ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر میں جاری میگا اسکیمز اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں میئر کراچی نے شہر میں جاری تمام ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لیے واضح ڈیڈلائن دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں اس وقت بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں اور ان تمام منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہیے تاکہ شہری ان منصوبوں کے ثمرات سے استفادہ کرسکیں۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم اس وقت پورے شہر میں کام کررہے ہیں اور یہ کام جلد از جلد مکمل ہونے چاہئیں، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ کاموں کی بہتر فنشنگ پر بھی خصوصی توجہ دی جائے، انہوں نے ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کی رفتار کا مسلسل جائزہ لیا جائے اور ہر کام کی تکمیل کی تاریخ مقرر کرکے اس کے مطابق پیشرفت یقینی بنائی جائے، کسی بھی منصوبے میں غیرضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں سڑکوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ لائٹس کی بحالی بھی ضروری ہے، شہریوں کو بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے سڑکوں، فٹ پاتھوں اور دیگر شہری سہولیات کے کاموں کے ساتھ روشنی کے مناسب انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں، میئر کراچی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور مکمل ہونے والے منصوبوں کی فنشنگ اور دیگر ضروری امور کو بھی تسلی بخش انداز میں مکمل کیا جائے۔
اجلاس میں میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، مشیر مالیات گلزار ابڑو، ڈی جی ٹیکنیکل سروسز طارق مغل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال، تکمیل کے مراحل اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔
