مراکش کی تاریخ میں پہلی خاتون وزیراعظم مقرر
مراکش کے شاہ محمد ششم نے فاطمہ زہرا المنصوری کو ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم مقرر کرتے ہوئے نئی حکومت تکیل دینے کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔
یہ مراکش کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ کوئی خاتون حکومت کی سربراہ مقرر ہوئی ہیں۔ 50 سالہ فاطمہ زہرا المنصوری کا تعلق صداقت و جدیدیت پارٹی سے ہے جس نے 23 ستمبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کیں۔
پارٹی نے 395 رکنی ایوانِ نمائندگان میں 97 نشستیں جیتیں، جبکہ نیشنل ریلی آف انڈیپنڈنٹس 66 اور استقلال پارٹی 65 نشستوں کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔
چونکہ PAM کو حکومت بنانے کے لیے درکار 198 نشستوں کی اکثریت حاصل نہیں ہوئی، اس لیے المنصوری کو حکومت تشکیل دینے کے لیے دوسری جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرنا ہوگا۔
مراکش کے آئین کے تحت پارلیمانی انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت سے بادشاہ وزیراعظم کا انتخاب کرتے ہیں۔
فاطمہ زہرا المنصوری اس سے قبل مراکش شہر کی میئر رہ چکی ہیں اور 2009 میں پہلی مرتبہ اس منصب پر منتخب ہوکر شہر کی پہلی خاتون میئر بنی تھیں۔
