آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام تین روزہ ’’پاکستان میوزک فیسٹیول 2026‘‘ کا شاندار آغاز

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام تین روزہ ’’پاکستان میوزک فیسٹیول 2026‘‘ کا شاندار آغاز

موسیقی ہماری ثقافتی شناخت ہے، نئے ٹیلنٹ کو مواقع فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے، محمد احمد شاہ

کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام تین روزہ ’’پاکستان میوزک فیسٹیول 2026‘‘ کا شاندار آغاز جون ایلیا لان میں کردیاگیا۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے فیسٹیول میں تمام مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ میوزک فیسٹیول میں پاکستان آئیڈل کے پلیٹ فارم سے سامنے آنے والے معروف گلوکاروں سمیت ملک کے نامور فنکاروں نے اپنی شاندار پرفارمنسز پیش کرکے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔

پاکستان میوزک فیسٹیول کے پہلے روز معروف گلوکار غلام عباس خان، محمود علی خان، راشد علی حیدری، اخلاق بشیر، نعمان خان، انتظار حسین، ممتاز سبزل، کامران سگو، عمران ناشاد، شہباز علی، حرا قیصر، کاشیہ کیف، نائلہ سلیم، سونیا خان اورایشا ادیوال نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔ فیسٹیول کی نظامت کے فرائض نعمان خان نے انجام دیے۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے کہا کہ موسیقی ہماری ثقافتی شناخت اور قومی ورثے کا اہم حصہ ہے۔ پاکستان میوزک فیسٹیول کا بنیادی مقصد موسیقی کے شعبے میں نئے اور باصلاحیت فنکاروں کو ایک مؤثر پلیٹ اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ پاکستان میں بے شمار باصلاحیت نوجوان موجود ہیں، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ انہیں آگے بڑھنے کے لیے مناسب مواقع اور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے۔ پاکستان میوزک فیسٹیول میں پاکستان آئیڈل کے ابھرتے ہوئے گلوکاروں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسیقی صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ ہماری تہذیب، ثقافت اور اجتماعی احساسات کی ترجمان بھی ہے۔ پاکستان کی مختلف زبانوں اور خطوں میں موسیقی کی اپنی خوبصورت روایات موجود ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ان تمام رنگوں کو ایک پلیٹ فارم پر اجاگر کیا جائے اور نئی نسل کو اپنے فن اور ثقافتی ورثے سے جوڑا جائے۔آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی ہمیشہ سے نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور فنونِ لطیفہ کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا آیا ہے۔ اکتوبر میں ہونے والا "ورلڈ کلچر فیسٹیول” بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس میں تھیٹر، موسیقی، مصوری اور دیگر فنونِ لطیفہ کے ذریعے پاکستان کی ثقافتی خوبصورتی اور تخلیقی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ پاکستان کے فنکار اپنے فن کے ذریعے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں کہا کہ ہمارا مقصد دنیا کو پاکستان کا ایسا مثبت اور خوبصورت چہرہ دکھانا ہے جو امن، محبت، رواداری، تخلیقی صلاحیت اور ثقافتی ہم آہنگی کی نمائندگی کرتا ہو۔ فن و ثقافت قوموں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا مؤثر ذریعہ ہیں، آرٹس کونسل آئندہ بھی ایسے پلیٹ فارمز فراہم کرتا رہے گا جہاں نوجوان فنکار اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں اور پاکستان کی فن و ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ پاکستان میوزک فیسٹیول میں گلوکاروں نے کلاسیکل، فوک اور مختلف اصنافِ موسیقی کے سُریلے گیت پیش کرکے فیسٹیول کو چار چاند لگا دیے۔ تین روزہ ‘ ‘پاکستان میوزک فیسٹیول 2026’ ’27 ستمبر تک آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری رہے گا۔جس میں فیملی ویب سائٹ  ACPKHIپر رجسٹریشن کے ذریعے بآسانی شرکت کرسکتے ہیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں