میونسپل کمشنر ٹاؤن میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے دوران یوسی گڈاپ کا دورہ
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے دوران میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز نے یوسی گڈاپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے گھر گھر پلانے کی مہم کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر چیف میڈیکل افسر گڈاپ ٹاؤن ڈاکٹر لبنا مقبول، ڈپٹی ڈائریکٹر سینٹیشن محمد افضل لغاری، محکمہ صحت کے افسران، لیڈی ہیلتھ ورکرز، مقامی رضاکار بھی موجود تھے۔میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز نے کہا کہ پولیو کے سلسلے میں میں خود روز پولیو ٹیم کے ساتھ وزٹ کررہا ہوں پو لیو کے خاتمے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ والدین اپنے بچوں کو لازمی طور پر پولیو کے قطرے پلائیں تاکہ آنے والی نسل کو اس موذی مرض سے نجات اور محفوظ بنایا جا سکے۔
انہوں نے گڈاپ ٹاؤن پولیو ٹیموں، افسران اور محکمہ پولیس کے جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے اور ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلا رہی ہیں۔ بلدیاتی عملہ اور محکمہ صحت باہمی تعاون سے گڈاپ ٹاؤن کے تمام علاقوں کو پولیو فری بنانے کے لیے سرگرم ہیں۔
چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ طارق عزیز بلوچ نے اپنے پیغام میں کہا کہ پولیو مہم 21سے 27ستمبر تک جاری ہے۔پولیو کا خاتمہ حکومتِ کی اولین ترجیح ہے۔ گڈاپ ٹاؤن انتظامیہ، محکمہ صحت اور تمام فیلڈ اسٹاف کو چاہیے کہ وہ اس قومی مہم کو ذمہ داری سمجھ کر کامیاب بنائیں۔ اور میں والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ گڈاپ ٹاؤن کو پولیو فری علاقوں میں شامل کیا جا سکے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن رضوان صابر، سیکریٹری یوسی گڈاپ زمان خاصخیلی، یو سی سیکریٹری شاہ مرید امتیاز بلوچ، آفس سپرنٹنڈنٹ رضا رضوی اور دیگر بھی موجود تھے۔
