کراچی سندھ اور سندھ کراچی ہے:مرتضی وہاب کا ایم کیو ایم رہنماؤں کے بیانات پر ردِعمل

کراچی سندھ اور سندھ کراچی ہے:مرتضی وہاب کا ایم کیو ایم رہنماؤں کے بیانات پر ردِعمل

ترجمان چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی و میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا ایم کیو ایم رہنماؤں کے بیانات پر ردِعمل

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مصطفیٰ کمال اور خالد مقبول صدیقی کی جانب سے استعمال کی جانے والی زبان ناقابلِ قبول ہے۔ نفرت، تعصب اور لسانی تقسیم کی سیاست کی سندھ میں اب کوئی گنجائش نہیں، ایم کیو ایم ایک بار پھر کراچی میں لسانی سیاست اور نفرت کے بیج بونے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں خود اردو بولنے والا سندھی ہوں، اردو بولنے والے سندھ کے باسی اس دھرتی کے بیٹے ہیں اور مجھے اس دھرتی پر فخر ہے، ہماری زبان اردو ہو سکتی ہے، لیکن سندھ ہماری دھرتی، ہمارا گھر، ہماری ماں اور ہماری شناخت ہے،اردو بولنے والے سندھی بہت پہلے نفرت، تعصب اور لسانی تقسیم کی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں، ایم کیو ایم کو سمجھنا ہوگا کہ یہ 90 کی دہائی نہیں، کراچی اب ماضی کی پُرتشدد سیاست کی طرف واپس نہیں جائے گا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی نے بوری بند لاشوں، بھتہ خوری، ہڑتالوں، جلاؤ گھیراؤ اور خوف کی سیاست کی بہت بھاری قیمت ادا کی،کراچی کے عوام اب کسی کو نفرت کے نام پر لڑانے کی اجازت نہیں دیں گے، اور ایم کیو ایم کی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں۔ایم کیو ایم کی کل کی ریلی نے واضح کر دیا کہ کراچی کے عوام لسانی تقسیم اور نفرت کی سیاست کے ساتھ نہیں۔

ترجمان چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی و میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے غیور اور باشعور عوام اپنا فیصلہ دے چکے ہیں، نفرت اور تقسیم کی سیاست اب کراچی میں نہیں چلے گی۔

کراچی سندھ کا اٹوٹ انگ، سندھ کی شہ رگ اور کبھی نہ ٹوٹنے والا حصہ ہے۔کراچی سندھ ہے اور سندھ کراچی ہے، اس تاریخی اور جغرافیائی رشتے کو کوئی سیاسی نعرہ توڑ نہیں سکتا۔کراچی کو لسانی نعروں اور نفرت کی نہیں، امن، روزگار، پانی، ٹرانسپورٹ، انفرااسٹرکچر اور ترقی کی سیاست کی ضرورت ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مصطفیٰ کمال اور خالد مقبول صدیقی کراچی کے عوام کو تقسیم کرنے کے بجائے شہر کی ترقی کے لیے اپنا پروگرام بتائیں، کراچی کے غیور عوام نفرت کے بیج بونے اور سندھ کو تقسیم کرنے کی ہر کوشش کو اپنے اتحاد سے ناکام بنائیں گے۔پیپلز پارٹی کا پیغام بالکل واضح ہے، سندھ سدا سلامت، متحد اور یکجا ہے اور ہمیشہ رہے گا،سندھ کی وحدت، کراچی کے امن اور یہاں بسنے والے تمام لوگوں کے بھائی چارے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔سندھ سدا سلامت رہے گا، کراچی سندھ اور سندھ کراچی ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں