ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر میں انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر میں انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ مہم کے افتتاح کے موقع پر ٹاؤن چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران، پولیو ٹیموں کے نمائندگان اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
مہم کے آغاز کے موقع پر حاجی نواز علی بروہی نے انسدادِ پولیو کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں تک رسائی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی بچے کو حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہنے دیا جائے۔ انہوں نے پولیو ورکرز کی جانب سے گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے عمل کو قومی خدمت قرار دیتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ٹاؤن چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ انسدادِ پولیو مہم کو صرف ایک سرکاری سرگرمی کے طور پر نہیں بلکہ قومی فریضے کے طور پر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کا تعاون اس مہم کی کامیابی میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور عوام کے تعاون کے بغیر پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔
انہوں نے والدین سے خصوصی اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں اور اپنے گھروں پر آنے والی پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک بچے کا حفاظتی قطرے سے محروم رہ جانا بھی پولیو کے خلاف قومی کوششوں کو متاثر کرسکتا ہے، اس لیے والدین اپنے بچوں کی صحت اور محفوظ مستقبل کے لیے ہر پولیو مہم کے دوران انہیں حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں۔
حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ بچوں کی صحت اور انہیں خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ والدین کے ساتھ ساتھ اساتذہ، سماجی شخصیات، علمائے کرام، منتخب نمائندگان اور معاشرے کے دیگر طبقات بھی عوام میں شعور اجاگر کرنے اور انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے پولیو ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی، دشوار گزار علاقوں اور مختلف مشکلات کے باوجود پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی قطرے پلاتے ہیں اور قومی صحت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی مؤثر نگرانی، ضروری سہولیات کی فراہمی اور مہم کے مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔
ٹاؤن چیئرمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی اور منگھوپیر ٹاؤن کے تمام علاقوں میں بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے ایک مرتبہ پھر والدین پر زور دیا کہ وہ قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں، پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے اردگرد موجود دیگر والدین کو بھی اس اہم قومی مہم میں بھرپور شرکت کے لیے آگاہ کریں، تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے اور ملک کو پولیو سے پاک بنانے کا قومی مقصد جلد حاصل کیا جاسکے۔
