ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 دہشتگرد ہلاک، 6 جوان شہید

ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 دہشتگرد ہلاک، 6 جوان شہید

خیبرپختوںخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف کارروائی کی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ پاک فوج کے دو افسران سمیت 6 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق ہنگو میں 20 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور سیکیورٹی فورسز نے مؤثرکارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃالخوارج کو ہلاک کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران فتنۃ الخوارج کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا اور اس دوران دستوں کی قیادت فرنٹ سے کرنے والے دو بہادر افسران نے بھی جام شہادت نوش کیا۔

شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوذر فاروق اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر بھی شامل ہیں، کارروائی میں 4 جوان بھی شہید ہوئے ہیں، یوں مجموعی طور پر 2 افسران سمیت 6 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق علاقے میں کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور وفاقی ایپکس کمیٹی کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملک میں غیرملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ملک کے دفاع اور قوم کی حفاظت کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور سیکیورٹی فورسز ملک کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر اپنا فرض ادا کرتی رہیں گی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں