فنکشنل لیگ کا معصوم بچوں اور بچیوں کے اغوا، زیادتی اور قتل کے واقعات کے خلاف احتجاج کا اعلان
کراچی: سردار عبدالرحیم کا معصوم بچوں اور بچیوں کے اغوا، زیادتی اور قتل کے واقعات کے خلاف احتجاج کا اعلان
کراچی: فنکشنل لیگ کراچی ڈویژن کی جانب سے اتوار 20 ستمبر کو کلفٹن تین تلوار پر پُرامن احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔
18 ماہ کی آئیزل، 16 سالہ حافظ قرآن روشیم خان اور 6 سالہ ولی میر رضا علی سمیت دیگر معصوم بچوں کے واقعات پر سردار عبدالرحیم کا اظہار تشویش
رہنما فنکشنل مسلم لیگ سردار عبدالرحیم نے کہا ہےکہ معصوم بچوں کی لاشیں اٹھانے والے والدین کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، کراچی میں بچے، بچیاں اور خواتین محفوظ نہیں رہے، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال ہو رہا ہے۔
سردار عبدالرحیم نےکہا کہ معصوم بچوں کے واقعات نے والدین کے دل دہلا دیے ہیں،سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور اس کے تین کمسن بچوں کے قتل سمیت کراچی کے سنگین واقعات شہریوں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔سندھ حکومت امن و امان اور شہریوں، خصوصاً بچوں اور خواتین کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔بچوں کے اغوا، زیادتی اور قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔
رہنما فنکشنل مسلم لیگ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے، کراچی کے تمام اضلاع سے ضلعی صدور کی قیادت میں احتجاجی ریلیاں تین تلوار پہنچیں گی، تین تلوار پر فنکشنل لیگ کراچی ڈویژن کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ کراچی کے شہریوں، والدین اور سول سوسائٹی سے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل۔
