وزیر اعظم کی مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر ڈرون حملے کی بزدلانہ کوشش کی شدید مذمت
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے معاملے میں غیر متزلزل طور پر اور شانہ بشانہ کھڑا ہے، میں مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر ڈرون حملے کی بزدلانہ اور گھناؤنی کوشش کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ پر حملے کی کوشش ناقابل معافی اور قابلِ مذمت ہے، پاکستانی قوم مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر حملے کی کوشش پر شدید رنجیدہ اور مضطرب ہے، سعودی مسلح افواج کی بروقت کارروائی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی افواج نے فوری اور بہادری سے کارروائی کی، تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ اور کشیدگی بڑھانے سے گریز کریں، خطہ پہلے ہی تنازعات سے بہت زیادہ متاثر ہوچکا، ہمیں مزید کشیدگی سے بچنا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پائیدار امن کا واحد راستہ مذاکرات اور سفارت کاری ہے، پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں شانہ بشانہ کھڑا ہے، حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے، پاکستان حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
