وزیراعظم نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیا
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ پر اسلام آباد میں اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے مختلف شہروں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام موجود وسائل کا مؤثر استعمال کیا جائے تاکہ کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ نہ ہو۔خطے کی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آر ایل این جی کی ترسیل میں تعطل سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی ترسیل اور دیگر مسائل سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ڈسکوز کی سطح پر کنزیومر گریوینس ریڈریسل کمیٹیاں قائم کرنے کے احکامات صادر کیے۔
وزیراعظم نے گریوینس کمیٹیوں کو ایک ہفتے کے اندر فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹیوں میں عوامی نمائندگی بھی ہونی چاہیے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ خطے کی حالیہ صورتحال، آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ترسیلی مشکلات کے باعث آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہونے سے بجلی کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے۔
طلب اور رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے مجبوراً لوڈ مینجمنٹ کرنی پڑ رہی ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ہیلپ لائن نمبر 118 کے ذریعے بجلی صارفین اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔صارف کو ٹوکن نمبر اور شکایت کے ازالے کا وقت بھی بتایا جاتا ہے۔
