ڈپٹی کمشنر سینٹرل اور چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے سیکٹر فائیو جے میں نئی تعمیر ہونے والی سڑک کا افتتاح کردیا

ڈپٹی کمشنر سینٹرل اور چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے سیکٹر فائیو جے میں نئی تعمیر ہونے والی سڑک کا افتتاح کردیا

کراچی: ڈپٹی کمشنر سینٹرل طلحہ سلیم اور چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سیکٹر فائیو جے میں ناصرہ اسکول کے سامنے نئی تعمیر ہونے والی سڑک کا مشترکہ افتتاح کیا۔ بعد ازاں انہوں نے سیکٹر الیون جی میں واقع گورنمنٹ گرامر شیخ سعدی اسکول کا دورہ کیا، جہاں داخلوں کے دوسرے مرحلے، تعلیمی ماحول اور جدید سہولیات کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن ذوالفقار علی خان، وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر، ڈائریکٹر ایجوکیشن سید مزمل، ڈائریکٹر ایم اینڈ ای شفقت حسین، ڈائریکٹر انسداد تجاوزات عبید الرحمن اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سینٹرل طلحہ سلیم نے کہا کہ سیکٹر فائیو جے کی یہ سڑک عرصہ دراز سے خستہ حالی کا شکار تھی، جس کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج اس منصوبے کی تکمیل پر خوشی محسوس ہو رہی ہے کیونکہ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اس منصوبے کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے مسلسل محنت اور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج کے مسائل کے حل کے بعد سڑک کی تعمیر ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے نہ صرف آمدورفت بہتر ہوگی بلکہ شہریوں کو روزمرہ زندگی میں بھی بڑی سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ترقیاتی منصوبے عوامی خدمت کی بہترین مثال ہیں اور ضلعی انتظامیہ ہر مثبت اقدام میں بلدیاتی اداروں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

بعد ازاں وفد نے سیکٹر الیون جی میں واقع گورنمنٹ گرامر شیخ سعدی اسکول کا دورہ کیا، جہاں ڈپٹی کمشنر نے نئی تعمیر شدہ عمارت، جدید کلاس رومز اور تعلیمی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کی موجودہ حالت دیکھ کر خوشی ہوئی۔ ایک خستہ حال عمارت کو جدید تعلیمی ادارے میں تبدیل کرنا قابلِ ستائش کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری ماحول، تربیت یافتہ اساتذہ اور جدید سہولیات اس بات کی ضمانت ہیں کہ یہاں زیر تعلیم بچے بہتر مستقبل کی جانب آگے بڑھیں گے۔

اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ سیکٹر فائیو جے کی یہ سڑک کئی سال سے عوام کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہوئی تھی جبکہ زیرِ زمین سیوریج لائنیں بھی تباہ حال تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سیوریج کے دیرینہ مسئلے کو حل کیا گیا اور اس کے بعد پائیدار بنیادوں پر سڑک تعمیر کی گئی، جسے آج عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کا مقصد صرف سڑکیں بنانا نہیں بلکہ شہریوں کو بہتر اور باوقار زندگی فراہم کرنا ہے۔

شیخ سعدی گرامر اسکول کے حوالے سے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ یہ ادارہ ایک وقت میں کھنڈر کا منظر پیش کر رہا تھا، مگر آج اسے جدید خطوط پر استوار کر کے علاقے کے بچوں کے لیے معیاری تعلیمی مرکز بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشادہ کلاس رومز، جدید سہولیات، تربیت یافتہ اساتذہ اور بہترین تعلیمی ماحول اس اسکول کی پہچان ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ داخلوں کے دوسرے مرحلے کے آغاز پر عوام کی بھرپور دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ علاقے کے لوگ سرکاری تعلیمی اداروں پر دوبارہ اعتماد کر رہے ہیں۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر سینٹرل طلحہ سلیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ نیو کراچی ٹاؤن کے لیے حوصلہ افزا ہے اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور معیاری تعلیم کے فروغ کا سفر مزید تیزی سے جاری رکھا جائے گا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں