حکمران عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے اپنے اقتدار اور مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں:راشد محمود سومرو

حکمران عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے اپنے اقتدار اور مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں:راشد محمود سومرو

کنری / عمرکوٹ: جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کنری ، عمرکوٹ اور پتھورو ضلع عمرکوٹ میں بڑے عوامی اجتماعات اور جےیوآئی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے عوام آج بھی تعلیم، صحت، روزگار اور امن و امان جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جبکہ حکمران عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے اپنے اقتدار اور مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں۔ عمرکوٹ، تھرپارکر اور سندھ کے دیگر پسماندہ علاقوں میں سرکاری اسپتالوں کی حالت انتہائی خراب ہے، مریض علاج کی سہولت نہ ملنے کے باعث مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ حکومت کی جانب سے مختص کیے جانے والے اربوں روپے کے باوجود عوام کو بنیادی طبی سہولیات میسر نہیں۔

علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ میں لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہیں، بہت سے علاقوں میں اسکول اور کالج موجود نہیں، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع نہیں اور دوسری جانب منشیات کا زہر نوجوان نسل کو تباہ کر رہا ہے۔ سندھ میں قبائلی جھگڑوں، لوٹ مار اور جرائم کے کلچر نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے، پولیس بھی شدید مشکلات سے دوچار ہے، حکومت کو امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے محض اعلانات کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ کی زمین، وسائل اور جزائر سندھ کے عوام کی ملکیت ہیں، سندھ کے وسائل پر کسی کو سودا بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سندھ کی تقدیر کے فیصلے سندھ کے عوام کریں گے۔ سندھ کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہوکر کارروائی کرنا ہوگی، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیا جائے اور نوجوان نسل کو تباہی سے بچایا جائے۔ جمعیت علماء اسلام عوام کے حقوق کے لیے میدان میں موجود ہے، ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں تعلیم کا نظام بہتر ہو، اسپتال فعال ہوں، نوجوانوں کو روزگار ملے، امن قائم ہو اور منشیات کا خاتمہ ہو۔

جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ عوام کو اب صرف دعوت اور وعدوں کی نہیں بلکہ ذمہ داری اور عملی کردار کی ضرورت ہے۔ سندھ کے عوام اپنے حقوق کے لیے متحد ہوں اور ظلم، ناانصافی، کرپشن، بدامنی اور منشیات کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ اللہ کی مدد، علماء کی دعاؤں اور سندھ کے عوام کی طاقت سے ان شاء اللہ ایک ایسا سندھ بنانے کی جدوجہد کی جائے گی جہاں قرآن و سنت، قانون کی بالادستی، امن، تعلیم اور عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہو۔جلسہ عام میں کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور علامہ راشد محمود سومرو کے خطاب کے دوران بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں