ہجرت کالونی کے اطراف میں تجاوزات کے خلاف صدر ٹاؤن کا بھرپور آپریشن
کراچی: صدر ٹاؤن میں تجاوزات کے خاتمے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ہجرت کالونی اور اس کے اطراف میں تجاوزات کے خلاف بھرپور اور سخت آپریشن کیا گیا۔ یہ کارروائی ٹاؤن چیئرمین منصور احمد شیخ اور میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن ذیشان صالح کی واضح ہدایات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔
صدر ٹاؤن اینٹی انکروچمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول لائن کلفٹن ڈویژن مظہر خالق کی نگرانی میں اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے ہجرت کالونی کے مختلف مقامات اور اطراف میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم تجاوزات کو ہٹایا، جبکہ تجاوزات کے لیے استعمال ہونے والا سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ علی اکبر مہر، اسسٹنٹ کمشنر احمد مرتضیٰ اور مختیارکار سول لائن سلیم جمالی کی جانب سے بھی متعلقہ افسران و عملے کو تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے ضروری ہدایات اور تعاون فراہم کیا گیا۔
صدر ٹاؤن کے چیئرمین منصور احمد شیخ نے کہا کہ کے تجاوزات کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ پیدل چلنے والے شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوامی گزرگاہوں، فٹ پاتھوں اور سڑکوں کو تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
میونسپل کمشنر ذیشان صالح نے واضح کیا کہ سرکاری اراضی، فٹ پاتھوں، سڑکوں اور عوامی مقامات پر دوبارہ تجاوزات قائم کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
میونسپل کمشنر نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ عوامی گزرگاہوں پر غیر قانونی قبضوں اور تجاوزات کے قیام سے گریز کریں اور ٹاؤن انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی، پیدل چلنے والوں کی سہولت اور مجموعی شہری نظم و ضبط کو بہتر بنایا جاسکے۔
