چیئرمین گڈاپ ٹاؤن کی ہدایت پر میونسپل کمشنر کی زیرِ صدارت مختلف محکموں کے افسران کا اہم اجلاس
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ کی خصوصی ہدایت پر میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز کی زیرِ صدارت مختلف محکموں کے افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈائریکٹر سینٹیشن اشرف بلوچ، سپرنٹینڈنٹ انجینئر (ایم اینڈ ای) نور علی جمالی، ڈائریکٹر پارکس محمد افضل لغاری،(اے ای ای) وسیم آرائیں سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں گڈاپ ٹاؤن کی مجموعی صورتحال، صفائی ستھرائی کے انتظامات، میونسپل مشینری کی کارکردگی، پارکس کی دیکھ بھال و بحالی، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز نے متعلقہ افسران سے جاری بلدیاتی و ترقیاتی کاموں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔اجلاس میں پارکس کی بہتری اور خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جائی۔اور ڈائریکٹر پارکس کو ہدایت کی گئی کہ گڈاپ ٹاؤن کے تمام پارکس میں صفائی ستھرائی، گھاس کی کٹائی، پودوں اور درختوں کی نگہداشت، شجرکاری، واکنگ ٹریکس کی صفائی اور دیگر ضروری سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ خراب لائٹس اور دیگر پارک میں سہولیات کی مرمت کا کام بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے اپنے پیغام میں کہا کہ گڈاپ ٹاؤن کے ممبران کی مشاورت سے تمام علاقوں میں صفائی ستھرائی، پارکس کی بہتری، اسٹریٹ لائٹس، مشینری کی فعالیت اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، جاری ترقیاتی و بلدیاتی کاموں کی باقاعدہ نگرانی کریں اور مقررہ وقت میں کاموں کی تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔ گڈاپ ٹاؤن کے شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی، صفائی کے نظام میں بہتری اور پارکس سمیت عوامی مقامات کی خوبصورتی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈائر یکٹر انفار میشن رضوان صابر، ڈائر یکٹر اسپورٹس طاہر بلوچ، پی ایس چیئر مین لعل جان نبی بھی موجود تھے۔
