ریڈ زون کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے حوالے سے اہم اجلاس
کراچی: ریڈ زون کی خوبصورتی، تزئین و آرائش، صفائی ستھرائی اور شہری ماحول کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اہم اجلاس کمشنر کراچی کے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس کی صدارت کمشنر کراچی حسن نقوی نے کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کراچی، ڈائریکٹر ساؤتھ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، اسسٹنٹ کمشنر سول لائنز سب ڈویژن، اسسٹنٹ کمشنر صدر سب ڈویژن ۔ میونسپل کمشنر ٹی ایم سی صدر ذیشان صالح سپرٹینڈنٹ انجینئر بی اینڈ آر سلمان رحمٰن میمن سپرٹینڈنٹ انجینئر ایم اینڈ ای ممتاز علی زرداری ڈائریکٹر پارکس عاصم علی خان اور دیگر محکمہ جاتی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ریڈ زون کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی، گرین بیلٹس کی بہتری، شجرکاری، سڑکوں کی تعمیر ومرمت ۔ اطراف کے علاقوں کی تزئین و آرائش، تجاوزات کے خاتمے اور مجموعی شہری خوبصورتی کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اس موقع پر متعلقہ افسران نے اپنے اپنے محکموں کی جانب سے ریڈ زون میں کیے جانے والے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔
میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن ذیشان صالح نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ زون کراچی کا انتہائی اہم علاقہ ہے اور اس کی خوبصورتی، صفائی اور بہترین شہری ماحول کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایم سی صدر کی جانب سے ریڈ زون اور اس سے ملحقہ علاقوں میں صفائی ستھرائی، گرین بیلٹس کی دیکھ بھال، تجاوزات کے خاتمے اور بیوٹیفکیشن کے حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
ذیشان صالح نے کہا کہ ریڈ زون کی خوبصورتی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے، اس لیے ٹی ایم سی صدر متعلقہ ضلعی انتظامیہ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور دیگر اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی خوبصورتی صرف بڑے منصوبوں سے نہیں بلکہ صفائی، شجرکاری، گرین بیلٹس کی حفاظت، تجاوزات کے خاتمے اور شہری نظم و ضبط کو یقینی بنانے سے ممکن ہے۔ اس سلسلے میں فیلڈ افسران کو بھی ہدایت کی جائے گی کہ وہ اپنے علاقوں میں باقاعدگی سے نگرانی کریں اور کسی بھی مسئلے کی فوری نشاندہی کرکے اس کے حل کے لیے اقدامات کریں۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر کراچی حسن نقوی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ریڈ زون کی خوبصورتی اور صفائی کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے اور تمام ادارے باہمی رابطے اور تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن کے تمام اقدامات میں معیار، پائیداری، صفائی اور گرین ایریاز کی حفاظت کو خصوصی ترجیح دی جائے۔
اجلاس کے اختتام پر ریڈ زون کی خوبصورتی اور شہری ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
