سید ناصر شاہ اور مرتضیٰ وہاب نے کورنگی لانڈھی فلائی اوور کا افتتاح کردیا
کراچی: صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کورنگی نمبر 5 کے 12 ہزار روڈ پر تعمیر کیے گئے کورنگی لانڈھی فلائی اوور کا افتتاح کردیا۔ 515 میٹر طویل فلائی اوور کی تکمیل سے کورنگی، لانڈھی اور ملحقہ صنعتی علاقوں کے درمیان ٹریفک کی روانی بہتر ہونے اور شہریوں کو آمدورفت کی مشکلات سے نجات ملنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔ منصوبے پر 74 کروڑ 66 لاکھ 28 ہزار روپے لاگت آئی ہے جبکہ اگست 2026 تک منصوبے کا فزیکل ورک 100 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کا وژن عوام کی خدمت ہے، اسی وژن کی تکمیل کیلئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ان کی پوری ٹیم دن رات کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنا عوام پر کوئی احسان نہیں بلکہ عوام کی خدمت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا جذبہ عوام کی خدمت کرنا ہے اور سندھ حکومت اسی جذبے کے تحت کراچی سمیت صوبے بھر میں ترقیاتی کام کررہی ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بھی سندھ حکومت کی جانب سے نمایاں اقدامات کیے جارہے ہیں اور انڈس اسپتال کیلئے سندھ حکومت سب سے بڑا ڈونر ہے، جبکہ کورنگی شاہراہ بھٹو کے علاقے میں خطے کا ایک بڑا آٹزم سینٹر تعمیر کیا جارہا ہے جس کا نام ’’انکلوژیو سٹی‘‘ رکھا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کیلئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر وزیراعلیٰ سندھ نے فنڈز فراہم کیے ہیں، صنعتکار اور صنعتی علاقوں کے مالکان قابل احترام ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ صنعتوں کو بہتر انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے تاکہ صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔کورنگی اور لانڈھی کے دونوں صنعتی علاقوں کیلئے مجموعی طور پر 4 ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں، جن میں دونوں علاقوں کیلئے 2،2 ارب روپے شامل ہیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا نعرہ ’’روٹی، کپڑا اور مکان‘‘ تھا اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسی عوامی خدمت کے فلسفے کو آگے بڑھا رہے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی ہے اور یہی اس کے منشور کا بنیادی مقصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی بغیر میڈیا اور غیر ضروری پروٹوکول کے بھی رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہیں تاکہ شہر کی زمینی صورتحال کا براہ راست جائزہ لیا جاسکے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں اب کسی کو ’’ماموں‘‘ یا ’’مرغا‘‘ بنانے کا وقت ختم ہوچکا ہے، اب صرف کام کا وقت ہے اور شہر میں عوام ترقیاتی کام اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں کراچی میں بھرپور ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جب بھی ملاقات کرتے ہیں تو یہ ضرور پوچھتے ہیں کہ عوام کیلئے کون سا ترقیاتی کام کیا جارہا ہے، وہ وزیراعلیٰ سندھ سمیت ہر نمائندے سے عوامی خدمت اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں سوال کرتے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کورنگی وہ ضلع ہے جہاں ماضی میں متحدہ قومی موومنٹ کا سیاسی اثر و رسوخ رہا، تاہم آج اسی علاقے میں پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی میں ہزاروں سڑکوں کی تعمیر و بہتری کے ساتھ کورنگی کازوے، تاج حیدر فلائی اوور، کورنگی ڈھائی نمبر برج، عظیم پورہ فلائی اوور اور اب کورنگی لانڈھی فلائی اوور جیسے اہم منصوبے مکمل کیے گئے ہیں، جبکہ شاہراہ بھٹو کا آغاز بھی کورنگی سے ہورہا ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ کورنگی اور لانڈھی کے صنعتی علاقوں میں 4 ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام کیے جارہے ہیں، دونوں صنعتی علاقوں کیلئے 2،2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جس سے صنعتی انفراسٹرکچر میں بہتری آئے گی اور کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا مقصد صرف اعلانات کرنا نہیں بلکہ عملی طور پر کام کرکے دکھانا ہے.
