میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن زیشان صالح نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن کا آغاز کردیا
کراچی: ٹاؤن میونسپل کمشنر صدر زیشان صالح نے آج صدر ٹاؤن میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے ایک بھرپور اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کا آغاز کیا۔
آپریشن کا آغاز شام 7 بجے ٹی ایم سی صدر ہیڈ آفس سے ہوا، جس میں اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کے ہمراہ سپرنٹنڈنگ انجینئر جناب سلمان رحمان میمن، چیئرمین لینڈ کمیٹی جناب عبدالرحمن آفریدی اور دیگر متعلقہ افسران نے حصہ لیا۔
آپریشن کے دوران سول لائنز ڈویژن سمیت مختلف علاقوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، جہاں موجود تجاوزات کی نشاندہی کرتے ہوئے بروقت کارروائی کے ذریعے انہیں ہٹایا گیا۔ اس موقع پر مختلف تجارتی مراکز کے ٹریڈ لائسنس، پراپرٹی ٹیکس ریکارڈ اور دیگر متعلقہ بلدیاتی دستاویزات بھی چیک کیے گئے۔
قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے کاروباری مراکز کو حتمی وارننگز جاری کی گئیں، جبکہ خلاف ورزیوں کے خلاف مروجہ بلدیاتی قوانین و ضوابط کے مطابق ضروری کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔
میونسپل کمشنر ذیشان صالح نے کہا کہ ٹاؤن کی حدود میں تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی تجاوزات کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹاؤن انتظامیہ شہریوں کو بہتر، صاف ستھرا، منظم اور تجاوزات سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے مؤثر بلدیاتی اقدامات اور قانون پر عملدرآمد کے عزم پر قائم ہے۔
